جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے چکہ گوہن کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں طبی سہولیت میسر نہ ہونے کے باعث عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقے میں طبی شعبے کے فقدان کے باعث متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی ان کے یہاں کوئی بیمار ہوتا ہے یا کسی حاملہ خاتون کو ہسپتال لے جانا پڑتا ہے تو مریض کو چارپائی کے ذریعہ وائلو تک تقریباً دو کلومیٹر دور پہاڑی راستے سے لے جانا پڑتا ہے، جہاں سے مریض کو مزید نو کلومیٹر دور کوکرناگ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا جاتا ہے۔
اس دوران مریض کو ہسپتال لے جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کے موسم میں ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ طبی مرکز صفاپورہ میں بنیادی طبی سہولیات کا فقدان
مقامی لوگوں نے کئی بار انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ ان کے اس دیرینہ مطالبہ پر غور کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی حد تک راحت ملے تاہم حکام نے آج تک عوام کی مشکلات کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر ای ٹی وی کے ذریعہ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں فسٹ ایڈ سینٹر کا قیام عمل میں لائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔