انگریزی نیوز چینل 'ری پبلک ٹی وی' کے بانی ارنب گوسوامی کو سپریم کورٹ کی جانب سے ایک بڑا دھچکا لگا ہے، سی جے آئی ایس اے بوبڈے کی قیادت والی بینچ نے جمعرات کو اس معاملے پر سماعت کے دوران ری پبلک ٹی وی کے بانی کی جانب سے ممبئی پولیس کے ذریعہ درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔
سی جے آئی بوبڈے نے پوچھا کہ گوسوامی نے بامبے ہائی کورٹ سے کیوں رجوع نہیں کیا، کیوںکہ یہ معاملہ مہاراشٹر میں شروع ہوا تھا۔ گوسوامی کے وکیل نے نشاندہی کی کہ بامبے ہائی کورٹ نے پہلے ہی اس ایکٹ کی آئینی حیثیت کو برقرار رکھا ہے جس کے بعد سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے لیے آزاد ہیں۔ اگر وہ چاہیں تو بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہو سکتے ہیں۔
واضح ہو کہ گوسوامی کو 4 نومبر کو علی باغ پولیس نے خود کشی کے لیے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ انہیں 11 نومبر کو سپریم کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔ انوے نائک اور اس کی والدہ کمود نے 2018 میں خودکشی کرلی تھی کیوںکہ گوسوامی اور دیگر دو ملزمان کی کمپنیوں نے مبینہ طور پر واجبات کی ادائیگی نہیں کی تھی۔