نئی دہلی: مرکزی بجٹ پیش کیا جارہا ہے۔ فائنانس کی وزیر سیتا رمن بجٹ پیش کررہی ہیں۔ اس بجٹ میں کئی بڑے اعلانات کیے جا سکتے ہیں۔ چونکہ مرکزی حکومت کا یہ مکمل آخری بجٹ ہے اس لیے اس بار ملک کے تمام طبقات کو عام بجٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ بجٹ کے حوالے سے رہنما، ماہرین، ماہرین اقتصادیات اپنی مختلف آراء رکھ رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے کہا کہ مرکزی بجٹ 2023 سماج کے ہر طبقے کی توقعات پر پورا اترے گا۔ مودی حکومت نے ہمیشہ ملک کے عوام کے مفاد میں کام کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڈ نے نئی دہلی میں کہا، 'ملک نے کووڈ سے اچھی بحالی کی ہے۔ اقتصادی سروے کو دیکھیں تو تمام شعبوں میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر بھاگوت کراڈ نے مزید کہا کہ ہماری معیشت دیگر ممالک کے مقابلے میں اچھی ہے۔ 2014 میں ہندوستان معیشت کے لحاظ سے 10ویں نمبر پر تھا، آج 5ویں نمبر پر ہے۔ دوسری جانب پورے ملک کی نظریں بجٹ میں ہونے والے اعلانات پر لگی ہوئی ہیں۔ دراصل یہ بجٹ موجودہ مرکزی حکومت کا آخری مکمل بجٹ ہے۔ اس لحاظ سے عوام کی توقعات حکومت سے کئی زیادہ ہیں کہ حکومت انہیں کیا تحفہ دینے جارہی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ عوام نے اس بجٹ سے کیا کیا توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- ٹیکس سلیب میں تبدیلی متوقع
ٹیکس دہندگان کو امید ہے کہ حکومت ٹیکس سلیب میں تبدیل کرکے انہیں کچھ رعایت دے گی۔ گزشتہ برس کے بجٹ میں ٹیکس چھوٹ کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا، ایسے میں ٹیکس دہندگان توقع کر رہے ہیں کہ اگلے سال 2024 کے عام انتخابات سے قبل وزیر خزانہ آخری مکمل بجٹ میں ٹیکس چھوٹ کا تحفہ دے سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ سال 2014 میں اس وقت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آخری بار ٹیکس چھوٹ کی حد میں اضافہ کیا تھا۔ 8 برس سے ٹیکس کی حد میں اضافہ نہیں کیا گیا اور اس بار ٹیکس سلیب میں تبدیلی متوقع ہے۔
- مہنگائی پر ریلیف متوقع
عام آدمی اس بجٹ میں مہنگائی سے ریلیف کی توقع کر رہا ہے۔ آر بی آئی کی طرف سے لگاتار پانچ بار ریپو ریٹ بڑھانے کے فیصلے سے مہنگائی کی شرح آر بی آئی کی قابل برداشت حد میں آچکی ہے، لیکن پھر بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر گیس تک سب نے عوام کا بجٹ خراب کر دیا ہے۔ ایسے میں عام عوام پر امید ہیں کہ اس بار حکومت بجٹ میں کئی اہم چیزوں پر ٹیکس کم کرکے بڑا ریلیف دے سکتی ہے۔
- کسانوں کو مل سکتا ہے تحفہ
کسانوں کو بھی اس بار بجٹ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ کسانوں کو امید ہے کہ حکومت بجٹ 2023-24 میں پی ایم-کسان یوجنا کے تحت کسانوں کو دی جانے والی نقد امداد میں اضافے کا اعلان کر سکتی ہے۔ بتادیں پردھان منتری کسان سمان ندھی کے تحت، حکومت کسانوں کے کھاتوں میں ایک سال میں 6000 روپے بھیجتی ہے۔
- روزگار کے تعلق سے اعلانات متوقع
عام بجٹ سے ملک کے نوجوانوں کو توقع یہ ہے کہ حکومت ان پر خصوصی توجہ دے گی اور روزگار کے محاذ پر بڑے اعلانات کر سکتی ہے۔ ملک میں خالی پڑی لاکھوں سرکاری آسامیوں کو بھرنے کے ساتھ ساتھ مرکز PLI اسکیم میں نئے شعبوں کو شامل کرکے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دے سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی منریگا اسکیم جو خاص طور پر دیہی علاقوں میں روزگار کا سب سے اہم ذریعہ ہے اس کے بجٹ میں اضافہ متوقع ہے۔
- صحت کے تعلق سے بڑے اعلانات متوقع
صحت کی سہولیات اور سستا علاج بھی ملک کے عام عوام کی بڑی توقعات میں شامل ہے۔ ایسے میں توقع ہے کہ اس بار عام بجٹ میں صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے ملک کے سرکاری اسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مرکز کی جانب سے بڑے اعلانات کیے جا سکتے ہیں۔ حکومت دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات بڑھانے پر بھی توجہ دے گی۔