نئی دہلی: حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، اپوزیشن ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ارکان نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں شوروغل اور ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ضروری کاغذات میز پر نہیں رکھے جاسکے اور ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔اسپیکر جگدیپ دھنکھڑ کے اپنی نشست سنبھالنے سے پہلے ہی ترنمول کانگریس کے اراکین منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر ایوان کے وسط میں آگئے۔ چیئرمین کے نشست سنبھالنے کے بعد ترنمول کانگریس کے ارکان نے کہا کہ حکمراں بی جے پی کے ارکان اپوزیشن کو اپنی بات کہنے نہیں دے رہے ہیں۔ اسی دوران اے اے پی کے ارکان بھی ایوان کے بیچ میں آگئے اور شور مچانا شروع کردیا۔
بی جے پی کے ارکان اپنی نشستوں سے ایک ساتھ نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں کے قریب کھڑے ہو گئے اور اونچی آواز میں بولنے لگے۔ جس کے بعد چیئرمین نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک اوبرائن آج سیاہ کرتہ، سیاہ پاجامہ پہن کر اور چہرے پر سیاہ پٹی باندھ کر آئے تھے۔عام دنوں میں ارکان ضروری دستاویزات ایوان کے میز پر رکھنے کے بعد اپنے مسائل اٹھاتے ہیں لیکن آج ایسا نہیں ہو سکا۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی اور اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے راجیہ سبھا میں گزشتہ تین دنوں سے کوئی کام کاج نہیں ہو پارہا ہے۔ بی جے پی کے اراکین کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے بیرون ملک دئے گئے بیان کے حوالے سے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اڈانی کیس کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کر رہے ہیں۔
یو این آئی