سپر اسٹار رجنی کانت کے مداح نے سیاست میں آنے کا اصرار کر کے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی۔
28 دسمبر کو رجنی کانت نے انکشاف کیا تھا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی کا آغاز نہیں کریں گے اور سیاست میں داخل نہیں ہوں گے۔ اس اعلان نے ان کے مداحوں کو دھچکا پہنچا دیا۔ رجنی کانت نے سیاست میں اپنے داخلہ کے متعلق واضح کیا کہ خرابیٔ صحت کی وجہ سے وہ سیاست میں داخل ہونے کا ارداہ ترک کررہے ہیں۔
ان کی جانب سے بیان جاری کیے جانے کے بعد بہت سے شائقین نے ان کے فیصلے کی حمایت کی جبکہ کچھ ایسے بھی تھے جو ان کے اس فیصلہ سے ناراض ہوگئے۔ اگرچہ اداکار کے کچھ سخت مداحوں نے ان سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ سیاست میں ضرور آئیں تاکہ معاشرہ میں موجود خرابیوں کا سدِّ باب کیا جاسکے۔
اس درمیان جمعرات کے روز سہ پہر 3.45 بجے، اداکار رجنی کانت کے 55 سالہ موروگیسن نامی پرستار نے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی، جسے قریب میں موجود افراد نے روک دیا۔ اس موقع پر موروگیسن نے زور دے کر کہا کہ رجنی کو سیاست میں ضرور آنا چاہئے۔
یہ واقعہ چنئی میں واقع پوز گارڈن، رجنی کانت کے گھر کے قریب پیش آیا جہاں اس معاملہ میں پولیس نے مستعدی دکھاتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کردیا اور اس شخص کو خودسوزی کرنے سے باز رکھتے ہوئے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔ بعد ازاں انہوں نے 108 ایمبولینس طلب کی اور اسے رویاپیٹ گورنمنٹ اسپتال علاج کی غرض سے بھیج دیا۔ جہاں اس شخص کا علاج جاری ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔