ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے گگلہیڑی تھانہ علاقے سے گزرنے والی دہرادون ہائی وے پر چیکنگ کے دوران بدمعاشوں کے ساتھ پولس انکاؤنٹر ہوا۔ اس دوران فائرنگ میں 25 ہزار روپے کا انعامی بدمعاش زخمی ہوگیا جب کہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ زخمی بدمعاش کو پولیس نے ضلع اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ پولیس نے موقع سے ایک موٹر سائیکل اور زندہ کارتوس سمیت غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔
منگل کی دیر رات گگلہیڑی اور قطب شیر تھانوں کی پولیس دہرادون ہائی وے پر کولکی کے قریب چیکنگ کر رہی تھی۔ اس دوران پولیس کا موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں سے تصادم ہوا۔ پولیس نے شرپسندوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک شرپسند زخمی ہو کر گر گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ مفرور بدمعاش کی تلاش میں پولیس رات بھر جنگلوں میں تلاش کرتی رہی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
- مزید پڑھیں:۔ پولیس تصادم میں دو انعامی بدمعاشوں کو گولی لگی
گرفتار بدمعاش ارجن عرف چھوٹا سہارنپور کے قطب شیر تھانہ علاقہ کے اسماعیل پور کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے موقع سے ایک موٹر سائیکل، 315 بور کا غیر قانونی پستول اور بڑی تعداد میں زندہ کارتوس برآمد کر لیے ہیں۔ بدمعاش کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کے خلاف ڈکیتی سمیت متعدد تھانوں میں 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔