اترپردیش کانگریس کی انچارج و جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ کسانوں پر ایک سال کے مظالم اور جبر کے بعد مودی حکومت کو حالیہ ضمنی انتخابات میں ذلت آمیز شکست کے بعد کسانوں کی طاقت کا احساس ہوا، اس لیے اب اس ظالم حکومت کی نیت پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
پرینکا گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی لکھنؤ گئے لیکن وہاں سے کچھ ہی دوری پر جہاں کسان کے بیٹے کو مرکزی وزیر کے بیٹے نے اپنی کار سے روند ڈالا، اس کسان کے زخم پر مرہم لگانے کے لیے اس کے گھر نہیں گئے اور نہ ہی اب تک کسان کے بیٹے کو کچلنے والے ملزم کے باپ کو کابینہ سے ہٹایا گیا ہے، اس لیے اب اس پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Three Farm Laws: تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا اعلان
محترمہ گاندھی نے کہا ’’چھ سو سے زیادہ کسانوں کی شہادت، 350 دنوں سے زیادہ کی جدوجہد۔ مودی جی آپ کے وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا، آپ کو کوئی پروا نہیں تھی۔ آپ کی پارٹی کے رہنماوں نے کسانوں کی توہین کی اور انہیں دہشت گرد، غدار، غنڈے، شرپسند کہا، آپ نے خود کو تحریک چلانے والا کہا، ان پر لاٹھیاں برسائیں، انہیں گرفتار کیا۔ اب آپ کو الیکشن میں شکست نظر آنے لگی، پھر اچانک آپ کو اس ملک کی حقیقت سمجھ میں آنے لگی کہ یہ ملک کسانوں نے بنایا ہے، یہ ملک کسانوں کا ہے، کسان ہی اس ملک کا اصل نگراں ہے اور کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس ملک میں کسانوں کے مفاد کو کچل کر اس ملک کو نہیں چلا سکتی۔ آپ کی نیت اور بدلتے ہوئے رخ پر یقین کرنا مشکل ہے۔ کسان کی ہمیشہ جے ہوگی۔ جئے جوان، جئے کسان، جئے بھارت۔
(یو این آئی)