گاندھی نگر: صدر دروپدی مرمو نے پیر کو گجرات کے گاندھی نگر میں 1330 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ور افتتاح کیا۔ صدر بننے کے بعد آج پہلی بار گجرات کا دورہ کرنے والی دروپدی مرمو نے اس موقع پر گجراتی زبان میں اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 'راشٹرپتی بنیا پچھی پہیلی وار آپ سونی وچے اہیں گجرات ما آوینے پرسنتانو انوبھو کری رہی چھوں۔ آپ سونی کشلتانی پرارتھنا کروچھوں' (صدر بننے کے بعد پہلی بار گجرات آکر خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ آپ سب کی خیریت کے لیے دعاگو ہوں۔)Droupadi Murmu Gujarat Tour
اپنے دورہ گجرات کے دوران انہوں نے احمد آباد میں گاندھی آشرم کی یادیں تازہ کیں اور کہا کہ انہیں سابرمتی آشرم میں کچھ وقت گزارنے کا موقع ملا تھا۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی زندگی اور نظریات آج بھی انسانیت کے لیے اتنے ہی بامعنی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Modi Visits Varanasi: وزیر اعظم نے وارانسی میں متعدد پروجکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا
مرمو نے کہا کہ گجرات کی ترقی سے متعلق صحت اور طبی تعلیم، پانی کی فراہمی، سڑکوں، آبپاشی اور بندرگاہ کی ترقی جیسے مختلف پروجیکٹوں کے نفاذ سے کسانوں اور چھوٹے بڑے تاجروں کو روزگار سمیت کئی مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر میں زیر تعمیر سپر اسپیشلٹی اسپتال اور 85 فیصد قبائلی آبادی والے ضلع نرمدا (ضلع ہیڈکوارٹر) راج پیپلا میں 530 کروڑ روپے کی لاگت سے 540 بستروں پر مشتمل جی ای ایم ای آرایس میڈیکل کالج اور اسپتال کی تعمیر شروع ہونے سے مقامی شہریوں کو صحت کی سہولیات اور طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہوگا۔
یو این آئی