آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کے متنازعہ ریمارکس کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے 17 جون 2022 کو مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دلت رہنما پرکاش اپنی پارٹی کے کارکنان، ونچیت بہوجن اگھاڑی اور مختلف مسلم تنظیموں کے ساتھ اس تحریک کی قیادت کریں گے۔
ممبئی میں ونچیت بہوجن اگھاڑی کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خلاف کئے گئے قابل اعتراض ریمارکس کے خلاف ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ یہ ریلی 17 جون 2022 کو ونچیت بہوجن اگھاڑی آفس جھولا میدان مدن پورہ سے آزاد میدان تک جائے گی۔ پرکاش امبیڈکر نے خود اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ جانکاری دی۔ٹویٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں پرکاش امبیڈکر نے کہاکہ “ونچیت بہوجن اگھاڑی نے پیغمبر اسلام کے خلاف کی گئی توہین کے خلاف ایک عظیم ریلی کا اہتمام کیا ہے۔ 17 جون کو دوپہر 2 بجے یہ ریلی ونچیت بہوجن اگھاڑی کے دفتر مدن پورہ کے سامنے سے شروع ہو کر آزاد میدان تک جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ریلی کا مطالبہ ہے کہ جن لوگوں نے شرارت کی ہے انہیں گرفتار کیا جائے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ میں خود بھی اس جلسے میں شریکت کروں گا اور بھائی چارے کے ناطے سب سے درخواست ہے کہ اس جلسے میں شرکت کریں، مسلم کمیونٹی کے لوگ بھی جلسہ میں شرکت کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ “نوپور شرما کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ پارٹی سے معطل کرنا کوئی بڑای کارروائی نہیں ہے۔ اگر کوئی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کچھ کہتا ہے تو فوراً سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ پھر اس معاملے میں کیوں نہیں؟" انہوں نے کہا کہ نوپور شرما اور ان کی حمایت کرنے والے رہنماوں کے بیانات سے بیرون ملک رہنے والے بھارتیوں کی جان کو خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Prophet Remarks Row: ممبئی پولیس نے نوپور شرما کو طلب کیا
بابا صاحب کے پوتے پرکاش امبیڈکر کے اس اعلان کے بعد ممبئی پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ہائی الرٹ ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ پاٹل نے کہا کہ پولیس چوکس ہے تاکہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔