بنگلور: کرناٹک میں پری-یونیورسٹی امتحانات رواں ماہ کی 22 تاریخ سے شروع ہوں گے، اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تعلیم کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے طلبا وطالبات سے اپیل کی کہ وہ امتحانات میں ضرور شرکت کریں، اعلیٰ نمبرات سے کامیاب ہوکر ملک و ملت کی خدمات انجام دیں۔ اس سلسلے میں رکن اسمبلی یو ٹی قادر نے کہا کہ امتحانات میں حجاب کا مسئلہ رکاوٹ نہ بنے، وہیں سابق مرکزی وزیر کے رحمان خان نے کہا کہ امتحان ہال میں وقتی طور پر حجاب کے بغیر امتحان دیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ کرناٹک میں گزشتہ تقریباً چار مہینوں سے حجاب کے مسئلے پر تنازعہ جاری ہے، جسے چند فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے ہوا دی گئی، جس کی وجہ سے مسلم طالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ عالمی پیمانے پر بھارت کی بدنامی بھی ہوئی۔ دنیا کے کئی ممالک نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی آزادی ختم کی جارہی ہے اور یہ حکومت ہند کے منصوبہ اسلاموفوبیا کا حصہ ہے۔