نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو لوگوں سے حکومت کی حصولیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم 'دھروہر بھارت کی' دیکھنے کی اپیل کی۔ اطلاعات و نشریات کی مرکزی وزارت نے ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس دستاویزی فلم میں ملک کے ثقافتی اتحاد اور فخر کو بحال کرنے کے لیے گزشتہ چند برسوں میں ہندوستان کی جانب سے کی گئی شاندار پیش رفت اور کامیابیوں کو دکھایا گیا ہے۔ دوحصوں میں بنی یہ دستاویزی فلم 14 اور 15 اپریل کو ڈی ڈی نیشنل پررات 8بجے ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔
دوردرشن کے ایک ٹویٹ کے جواب میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، 'ہماری وراثت، ہمارے آزادی پسندوں، جنہوں نے ہماری آزادی کے حصول کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا اوروردی میں خدمات انجام دینے والوں کی شجاعت کو خراج عقیدت۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 14 اور 15 اپریل کو ڈی ڈی نیشنل پر یہ دو حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم ضرور دیکھیں۔ ملک کی تاریخ، آثار قدیمہ اور ورثے کو جاننے کا شوق رکھنے والوں کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے۔ قومی چینل دوردرشن پر ایک خصوصی دستاویزی فلم ریلیز ہونے والی ہے۔ جس میں ہندوستانی تہذیب کی عظمت رفتہ کی تعمیر نو، قدیم ثقافت کو دکھایا جائے گا۔ دو اقساط میں بنی اس دستاویزی فلم کا نام 'دھروہر بھارت کی' ہے۔ اس دستاویزی فلم میں ہندوستان کے ثقافتی پہلو کو متعارف کرایا جائے گا۔
یو این آئی