آج صبح گیارہ بجے وزیر اعظم مودی آسام کے سیلا پتھر میں منعقدہونے والی ایک تقریب میں تیل و گیس کے شعبے کے اہم پروجیکٹ قوم کے لیے وقف کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نریندر مودی تقریب کے دوران نئے انجینئرنگ کالجوں کا افتتاح کریں گے اور کچھ نئے کالجوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
آسام میں وزیر اعظم مودی انڈین آئل کی بونگائی گاؤں ریفائنری میں انڈمیکس یونٹ کا، ڈبروگڑھ میں آئل انڈیا لمیٹڈ کے سیکنڈری ٹینک فارم کا اور تینسکیا کے ہیبیڑہ گاؤں میں گیس کمپریشراسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ وہ دھیماجی انجینئرنگ کالج کا افتتاح بھی کریں گے اور سوالوچی انجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ان منصوبوں سے خوشحالی کا دور شروع ہوگا اور مقامی نوجوانوں کے لیے مواقع کی راہیں کھلیں گی۔
اس کے بعد شام ساڑھے چار بجے وہ مغربی بنگال کے ہگلی میں ریلوے کے متعدد پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔
مغربی بنگال میں وزیر اعظم نواپاڑہ سے دکشنیشور تک میٹرو ریل کی توسیع کا افتتاح کریں گے اور اس ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھائيں گے۔ اس 4.1 کلومیٹر طویل سیکشن کو 464 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم جنوب مشرقی ریلوے کے 132 کلومیٹر کھڑگ پور-آدتی پور لائن پروجیکٹ کے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر کالیکونڈا اور جھارگرام کے درمیان تیسری لائن کا بھی افتتاح کریں گے، جس کا تخمینہ 1312 کروڑ روپے ہے۔