وزیر اعظم نریندر مودی 10 دسمبر بروز جمعرات کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر کے متعلق سنگ بنیاد تقریب دوپہر 12:55 بجے شروع ہوگی۔ وزیر اعظم دوپہر ایک بجے بھومی پوجن اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد ڈیڑھ بجے ایک دینی مذہبی دعا ہوگی اور 2.15 بجے نریندر مودی تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بھی موجود ہوں گے۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد وینکٹیش جوشی، وزیر مملکت برائے رہائش و شہری امور (آزادانہ چارج) ہردیپ ایس پوری، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر، رکن پارلیمنٹ، سکریٹری، سفیر، ہائی کمشنر بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔
نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پانچ اگست 2019 کو بالترتیب راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی کارروائی کے دوران نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تجویز پیش کی تھی۔
اس کے بعد لوک سبھا چیئر مین کی صدارت میں جنرل انتظامی کمیٹی کے ذریعہ اس معاملے میں کارروائی کی گئی تھی۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے ڈیزائن کے متعلق مختلف تجویز پیش کی تھی، یہ بھی سفارش کی گئی تھی کہ نئی عمارت میں بھارت کی ثقافت کو پیش کرنے کے لئے پورے ملک کے دستکاروں اور کاریگروں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر دسمبر 2020 سے شروع ہوگی
نیا پارلیمنٹ ہاؤس موجودہ پارلیمنٹ ہاؤس سے متصل پلاٹ نمبر 118 پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے ڈیزائن میں موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بہتر سہولیات، مناسب جگہ اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی فراہمی کی گئی ہے۔