نئی دہلی: شمال مشرقی ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں پارٹی کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے شام کو یہاں نیشنل ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنان سے کہاکہ 'آج کے نتائج تمام بی جے پی کارکنان کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ آج کے الیکشن اور ان انتخابی نتائج میں ملک کے لیے دنیا کے لیے بہت سے پیغامات ہیں۔' وزیر اعظم نے کہاکہ 'پورا ملک بی جے پی کے ساتھ ہے اور آج اقلیتیں بھی بی جے پی کی حمایت کر رہی ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں 'مرجامودی' عوام نے کہاکہ 'مت جا مودی۔' ملک میں بی جے پی کے بڑھتے ہوئے سیاسی گراف کے تناظر میں مودی نے کہا کہ پارٹی کی 'فتح کی مہم کا راز 'تروینی' میں پوشیدہ ہے۔اس کی پہلی طاقت بی جے پی حکومتوں کا کام ہے، دوسری طاقت بی جے پی حکومت کا ورک کلچر ہے اور تیسری طاقت بی جے پی کارکنوں کی خدمت کرنے کا جذبہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی نے متھک توڑ دیا ہے۔ آج پورا ملک پارٹی کے ساتھ ہے۔ اقلیتیں بھی آج بی جے پی کی حمایت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس چھوٹی ریاستوں کی توہین کرتی ہے جبکہ بی جے پی مشکل چیزوں پر کام کرتی ہے، مخلصانہ کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 'آج کے نتائج کے بعد کانگریس نے ایک بار پھر چھوٹی ریاستوں کے تئیں اپنی نفرت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کانگریس کہہ رہی ہے کہ یہ چھوٹی ریاستیں ہیں، ان کے نتائج سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جب دل میں بھارت کو جوڑنے کا جذبہ نہ ہو… تو ایسے الفاظ نکلتے ہیں۔' انہوں نے کہاکہ 'پہلے تریپورہ میں یہ حالت تھے کہ ایک پارٹی کے علاوہ دوسری پارٹی کا جھنڈا بھی نہیں لہرایا جا سکتا تھا۔ اگر کوئی اسے مسلط کرنے کی کوشش کرتا تو اس کا خون کردیا جاتا۔ اس بار ان انتخابات میں ہم نے کتنی بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔ اب ہم شمال مشرق کو ایک نئی سمت میں بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 'میں شمال مشرق کے انتخابی نتائج پر تریپورہ، ناگالینڈ اور میگھالیہ کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں'۔
انہوں نے کہاکہ 'تین شمال مشرقی ریاستوں کے لوگوں نے بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو آشیرواد دیا ہے۔ ساتھ ہی میں ان تینوں ریاستوں کے بی جے پی کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔' مودی نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں کام کرنا آسان نہیں ہے، ایسے میں یہ مبارکباد بی جے پی کارکنوں کے لیے خاص ہے۔ واضح رہے کہ تین ریاستوں تریپورہ، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے دو ریاستوں تریپورہ اور ناگالینڈ میں شاندار جیت درج کی۔
یواین آئی