نئی دہلی: گڈ فرائیڈے کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے عیسیؑ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عیسیؑ کی تعلیمات لوگوں کو متاثر کرتی ہیں۔ پی ایم مودی نے ٹویٹ کیا کہ آج گڈ فرائیڈے کے موقعے پر ہم اس قربانی کے جذبے کو یاد کرتے ہیں جس کو عیسیؑ نے پیش کی تھی۔ انہوں نے درد اور تکلیف کو برداشت کیا، لیکن خدمت اور ہمدردی کے اپنے نظریات سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیسیؑ کی تعلیمات لوگوں کو متاثر کرتی رہتی ہیں۔ وہیں گڈ فرائیڈے سے ایک دن قبل کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی اس موقع پر عیسیؑ کو یاد کیا اور کہا کہ یہ گڈ فرائیڈے تمام لوگوں کے دلوں کو محبت، امن اور ہمدردی سے بھر دے۔
بتادیں کہ ملک بھر میں آج گڈ فرائیڈے کا تہوار منایا جارہا ہے۔ دراصل آج ہی کے دن عیسیؑ کو مصلوب کیا گیا تھا، اس لئے اس کو گڈ فرائیڈے، ہولی فرائیڈے یا بلیک فرائیڈے بھی کہا جاتا ہے۔ آج کے دن بڑی تعداد میں عیسائی طبقے کے لوگ ملک بھر کے گرجا گھروں میں عیسیؑ سے دعا کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ آج کے دن ملک کے متعدد چرچز میں مختلف قسم کے پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔ عیسائی مذہب میں عیسیؑ کو خدا کا بیٹا تصور کیا جاتا ہے۔ عیسائیت کے مطابق عیسیؑ کو جمعہ کے دن مصلوب کیا گیا تھا۔ اس دن کو عیسیؑ کی قربانی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ عیسائیت میں گڈ فرائیڈے خدا سے معافی مانگنے اور اپنے گناہوں کا کفارہ دینے کا دن ہے۔
مزید پڑھیں:۔ بہار: گڈ فرائیڈے کے موقع پر وزیراعلی کا پیغام