نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سوامی وویکانند کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے ٹویٹ کیا 'سوامی وویکانند کو ان کے یوم پیدائش پر نمن، ان کی زندگی ہمیشہ حب الوطنی، روحانیت اور محنت کی تحریک دیتی ہے۔ ان کے عظیم افکار اور نظریات اہل وطن کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ سوامی وویکانند 12 جنوری 1863 کو مغربی بنگال کولکتہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1893 میں امریکہ کے شکاگو میں منعقدہ عالمی مذہب کی جنرل اسمبلی میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے گرو رام کرشن پرم ہنس کی یاد میں رام کرشن مشن قائم کیا۔ ان کے یوم پیدائش کو ملک میں نوجوانوں کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
دوسری جانب مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر وشنودت شرما نے آج سوامی وویکانند کے یوم پیدائش پر 'ینگ انڈیا' پروگرام کا افتتاح کیا۔ بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے اس پروگرام کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں آج سے 31 جنوری تک ینگ انڈیا میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا۔ شرما نے آج راجدھانی بھوپال سے اس پروگرام کی شروعات کی۔
اس موقع پر شرما نے کہا کہ 'کھیلے گا مدھیہ پردیش' مہم آج سے شروع ہو رہی ہے۔ ریاست کے ایک ہزار 70 سرکل کے نوجوانوں کو میراتھن سے جوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں سوامی وویکانند نے ہندوستان کو عالمی گرو بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ اس وقت کے نریندر کے خواب کو آج کے نریندرپورا کر رہے ہیں۔ ہندوستان کا نام ملک اور دنیا میں روشن ہو رہا ہے جس کے پیچھے نوجوانوں کا سب سے بڑا تعاون ہے۔
یو این آئی