دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نےجمعرات کو نئی پارلیمنٹ کی عمارت کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا اور مختلف کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی سہولیات کا مشاہدہ کیا اور تعمیراتی کارکنان سے بات چیت بھی کی۔
گزشتہ سال جولائی میں وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی چھت پر قومی نشان کی نقاب کشائی کی تھی۔ قومی نشان کانسی کا بنا ہوا ہے جس کا کل وزن 9,500 کلوگرام ہے اور اس کی اونچائی 6.5 میٹر ہے۔ اسے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے مرکزی فوئر کے اوپر کاسٹ کیا گیا ہے۔ نشان کو سہارا دینے کے لیے تقریباً 6,500 کلوگرام وزنی اسٹیل کا ایک معاون ڈھانچہ بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے دسمبر 2020 میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ نئی عمارت 'آتما نربھر بھارت' کے وژن کا ایک حصہ ہے۔سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کے تحت پارلیمنٹ کے لیے نئی سہولیات اور حکومت ہند کی تمام وزارتوں کے لیے ایک موثر اور پائیدار مرکزی سیکریٹریٹ کی تعمیر کے ذریعے گورننس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔
سینٹرل وسٹا ڈیولپمنٹ اور ری ڈیولپمنٹ ماسٹر پلان میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر، سینٹرل وسٹا ایونیو کی دوبارہ ترقی اور کامن سینٹرل سیکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔ نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں لکڑی کے ڈھانچے کا وسیع استعمال ہوگا۔ اندرونی اور بیرونی سجاوٹ کی تخلیق کے لیے روایتی چیزوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس میں اتر پردیش کے بھدوہی قالین ہوں گے۔ ساتھ ہی جموں و کشمیر کے دستکاروں کی قالین بھی نئے بھارتیہ پارلیمنٹ کی زینت بنےگی۔