نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو چیف جسٹس (سی جے آئی) ڈاکٹر دھننجے یشونت چندرچوڑ کے اس بیان کی تعریف کی، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں کو بھارت کی تمام علاقائی زبانوں میں دستیاب کرانے کی کوشش کرے گی۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا، 'حال ہی میں ایک تقریب میں سی جے آئی جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے علاقائی زبانوں میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کو دستیاب کرانے کی سمت کام کرنے کی ضرورت کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اس کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کا مشورہ بھی دیا۔ یہ ایک قابل تعریف خیال ہے، جس سے بہت سے لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں کو مدد ملے گی۔'
خیال ر ہے کہ سی جے آئی چندر چوڑ نے یہ باتیں سنیچر کو بار کونسل آف مہاراشٹرا اور گوا کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں کہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں، ہندوستانی عدلیہ کے لیے اگلا قدم سپریم کورٹ کے فیصلوں کو تمام ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرانا ہوگا۔ سی جے آئی نے کہا کہ تیزی سے ڈیجیٹل دنیا میں ہندوستانی عدلیہ کے لئے اگلا قدم ممکنہ طور پر آرٹیفیشیل انٹلی جنس (اے آئی) ٹولز کی مدد سے یہ ہوگا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کو تمام ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 'میں مدراس کے ایک پروفیسر سے ملا جو اے آئی میں کام کرتے ہیں اور اگلا مرحلہ ہر ہندوستانی زبان میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کی کاپیوں کا ترجمہ کرنا ہے۔'
وزیر اعظم مودی نے آج اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مرکزی حکومت بھی مختلف مضامین میں ہندوستانی زبانوں کے مطالعہ کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، 'بھارت میں کئی زبانیں ہیں، جو ہماری ثقافتی رونق میں اضافہ کرتی ہیں۔ مرکزی حکومت ہندوستانی زبانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی کوششیں کر رہی ہے، جس میں انجینئرنگ اور میڈیسن جیسے مضامین کو مادری زبان میں پڑھنے کا اختیار دینا بھی شامل ہے۔
Delay Appointment Of Judges ججوں کی تقرری میں تاخیر پر سپریم کورٹ برہم
یواین آئی