نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے یونیورسل ہیلتھ کیئر سیکورٹی پر زور دیتے ہوئے بدھ کوکہا کہ ہندوستان کے روایتی صحت کی دیکھ بھال کے نظام تناؤ اور طرز زندگی کی بیماریوں کا حل پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے یہاں 'ون ارتھ ون ہیلتھ - ایڈوانٹیج ہیلتھ کیئر انڈیا 2023' کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عالمی وبا نہیں تھی، تب بھی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ہندوستان کا نظریہ عالمگیر تھا۔ ہندوستان کا مقصد جسمانی، ذہنی اور سماجی بہبود ہے۔
حقیقی ترقی عوام پر مرکوز ہے اور طبی سائنس میں چاہے کتنی ہی ترقی ہوجائے، آخری فرد تک رسائی یقینی ہونی چاہیے۔ ہندوستان کا مقصد نہ صرف اپنے شہریوں کے لئے بلکہ پوری دنیا کے لئے صحت کی دیکھ بھال قابل رسائی اور سستی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اور دھیان جدید دنیا کے لیے ہندوستان کا قدیم تحفہ ہیں، جو اب ایک عالمی تحریک بن چکے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ون ارتھ ون ہیلتھ - ایڈوانٹیج ہیلتھ کیئر انڈیا - 2023 کا افتتاح اور خطاب کیا۔ ایک قدیم سنسکرت شلوک کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ 'ہرکوئی خوش رہے، ہر کوئی بیماری سے پاک رہے، سبھی کے لیے اچھی چیزیں ہوں، اور کوئی بھی دکھ میں مبتلا نہ ہو۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کے بارے میں ہندوستان کا نقطہ نظر تب بھی عالمگیر تھا جب ہزاروں سال پہلے کوئی عالمی وبا نہیں تھی۔ ہمارا نقطہ نظر صرف انسانوں تک ہی محدود نہیں ہے۔ یہ ہمارے پورے ماحولیاتی نظام تک پھیلا ہوا ہے۔ پودوں سے لے کر جانوروں تک، مٹی سے لے کر ندیوں تک، جب ہمارے اردگرد ہر چیز صحت مند ہے، تو ہم صحت مند رہ سکتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے تئیں ہندوستان کا نقطہ نظر صرف بیماری کی کمی پرنہیں رکتا ہے۔ یہ مقصد سب کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا "ہمارا مقصد جسمانی، ذہنی اور سماجی بہبود ہے۔
انہوں نے کہا کہ طبی سفر اور صحت سے متعلق افرادی قوت کی نقل و حرکت ایک اہم عنصر ہے اور 'ون ارتھ، ون ہیلتھ- ایڈوانٹیج ہیلتھ کیئر انڈیا 2023' اس سمت میں ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے باجرے کا بھی ذکر کیا جو ہندوستان کی روایتی غذا کا حصہ ہیں اور دنیا بھر میں غذائی تحفظ اور غذائیت کے مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ صحت سے متعلق چیلنجز کے لئے عالمی ردعمل کو الگ نہیں کیاجاسکتا ہے اور یہ ایک مربوط، جامع اور ادارہ جاتی ردعمل کا وقت ہے۔ یہ جی-20 کی صدارت کے دوران ہمارے فوکس ایریاز میں سے ایک ہے۔ ہماراہدف نہ صرف اپنے شہریوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی اور سستی بناناہے۔ کانفرنس میں 70 ممالک کے 125 نمائش کنندگان اور 500 کے قریب میزبان غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
یواین آئی