گوہاٹی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو آسام کے گوہاٹی میں واقع ملک کے شمال مشرقی علاقے کے پہلے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کا افتتاح کیا۔ ذرائع کے مطابق 1123 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس اسپتال سے نہ صرف آسام کے لوگوں کو بلکہ خطے کی دیگر ریاستوں کو بھی صحت کی خدمات فراہم کرنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے نلباڑی، ناگاؤں اور کوکراجھار میں تین میڈیکل کالجوں کا بھی ورچوئلی افتتاح کیا، جن میں 24 گریجویٹ ڈیپارٹمنٹس اور 500 بستروں کی گنجائش ہوگی۔ میڈیکل کالج 100 ایم بی بی ایس طلباء کے سالانہ داخلے کے ساتھ شروع ہوں گے، جس سے آسام میں ایم بی بی ایس طلبہ کی کل تعداد 1500 ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے 546 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ آسام ایڈوانسڈ ہیلتھ کیئر انوویشن انسٹی ٹیوٹ (اے اے ایچ آئی آئی) کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اے اے ایچ آئی آئی ریاستی حکومت اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) گوہاٹی کے درمیان ایک مشترکہ پہل ہے اور اس کا مقصد ادویات اور صحت کی دیکھ بھال میں ایجادات اور اختراعات کو فروغ دینا ہے۔ یہ صحت کی دیکھ بھال کے ساتھ انجینئرنگ کو جوڑ کرطب کے اہم علاقوں میں کثیر الشعبہ تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے پر بھی توجہ مرکوز کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے آخر میں مستفیدین میں 1.1 کروڑ آیوشمان کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیا۔ یہ کارڈز 5 لاکھ روپے تک کے کیش لیس ہیلتھ کیئر طبی علاج کے فوائد فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: AIIMS Guwahati ایمس گوہاٹی آسام کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دے گا، وزیر اعظم مودی
یواین آئی