آج 5 مارچ سے دارالحکومت دہلی سمیت شمالی ہند کے دوسرے ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تقریبا 1 سال کے بعد ریلوے نے اپنے اے 1 اور اے زمرے کے اسٹیشنوں کے لیے شروع کردیا ہے۔ تاہم اب یہ ٹکٹ 10 روپے کے بجائے 30 روپے میں دستیاب ہوگا۔
شمالی ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ فیصلہ دیر شام ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی میٹنگ کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹکٹ کی قیمت دوسرے زون سے مختلف ہوسکتی ہے ، لیکن یہ کم سے کم کرایے کے مطابق طے کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم ٹکٹ کے ساتھ ہی دہلی میں اسٹیشنوں پر بند پارکنگ بھی آج سے کھول دی گئی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن میں ریل کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ انلاک ہونے کے بعد ایک طرف آہستہ آہستہ ٹرینیں شروع کی جارہی ہیں تو دوسری جانب ریلوے نے اب لوگوں کے لئے پلیٹ فارم ٹکٹ اور پارکنگ کی سہولیات شروع کر دی ہیں۔ لوگوں کو اس سے بڑی راحت ملنے کی توقع ہے۔