پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ملک بھر ذات پات اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا ایجنڈا چلانے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ عوام کو صرف ٹھگ رہی ہے۔ جے ڈی یو کی سینیئر لیڈر اور بہار کی وزیر ٹرانسپورٹ شیلا منڈل نے جمعرات کو یہاں جے ڈی یو کے ریاستی دفتر میں منعقد 'کارکنان کے دربارمیں وزیر' پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سمادھان یاترا پر اپوزیشن کی طرف سے تبصرہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہر چیز پر سوال اٹھائے گی۔ بی جے پی والے صرف عوام کو ٹھگ رہے ہیں اور پورے ملک میں ذات پات اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔
شیلا منڈل نے کہا کہ بی جے پی کسی بھی طرح سے اقتدار میں آنے کے لیے بے چین وبے قرارہے۔ وہ ان لوگوں کا کوئی کام کیسے پسند کریں گے جو ان کی راہ میں روکاوٹ بن رہے ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا یقین عوام کے لیے کام کرنے پر ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ ہمارے لیڈر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرتے۔ ان کی طرف سے چلائی گئی ان گنت اسکیمیں پورے ملک میں مثال بن چکی ہیں، جن کی پیروی مرکزی اور دیگر ریاستی حکومتیں کرتی ہیں۔ بہار میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے چلائی جارہی اسکیموں کی وجہ سے آج ریاست کی خواتین انہیں دیوتا ماننے لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے وزیراعلیٰ کی کوششوں کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ملازمتوں، پنچایتی راج اور میونسپل اداروں میں خواتین کو ریزرویشن دے کر ان کے خوابوں کو پنکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب پر پابندی اور سیلف ہیلپ گروپس نے ان کی (خواتین) کی زندگیوں میں ایک معیاری تبدیلی لائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ ہر کسی کو اپنے طریقے سے بات کرنے کی آزادی ہے لیکن جے ڈی یو ایک نظم و ضبط والی پارٹی ہے۔ ہم سب وزیر اعلیٰ مسٹر کمار، قومی اور ریاستی صدر کے ذریعہ لئے گئے فیصلے کی بنیاد پر کام کرتے ہیں۔ ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کون کیا کہہ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: JDU Targets BJP بی جے پی میں کارکنان کی کوئی عزت نہیں، جے ڈی یو
جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندر کشواہا کے بیان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں صرف پارٹی کے قومی اور ریاستی صدر ہی پارٹی کے خیالات پیش کرنے کے مجاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ کی رہنمائی اور ہدایات پر عوام کے لیے کام کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں۔
یواین آئی