چندی گڑھ: پنجاب کے سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کی موت پر مرکز کے زیر انتظام ریاست چندی گڑھ میں ان کے اعزاز کے لئے 26اور 27اپریل کو دو روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا۔ چندی گڑھ انتظامیہ نے ریلیز جاری کرکے کہا کہ دو روزہ سرکاری سوگ کے دوران قومی ترنگا ان تمام عمارتوں پر نصف جھکا رہے گا۔ جہاں قومی جھنڈے کو باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے اور اس دوران کوئی سرکاری تفریحی پروگرام نہیں ہوں گے۔
غور طلب ہے کہ پرکاش سنگھ بادل (95) کا منگل کی رات موہالی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔ انہیں ایک ہفتہ پہلے سانس لینے میں دشواری ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ دوسری جانب ہریانہ کے وزیر داخلہ انل وج نے بدھ کو پنجاب کے وزیراعلی پرکاش سنگھ بادل کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بادل (95سال) نے منگل کی شام کو موہالی میں واقع پرائیویٹ اسپتال میں آخری سانس لی۔ آج یہاں جاری ایک پیغام میں و ج نے کہا کہ بادل نے نہ صرف پنجاب کی ترقی کے لئے انتھک کوشش کئے، بلکہ انہوں نے ملک کی ترقی میں بھی اپنا اہم تعاون دیا۔
انہوں نے کہا کہ بادل ہندوستانی سیاست میں قد آور لیڈر تھے اور وہ ایک قابل ذکر سیاسی رہنما بھی تھے۔ وج نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی لوگوں کی بھلائی کے لئے آگے رہتے تھے، اس لئے پنجاب کی سیاست میں ان کا ایک اہم مقام تھا۔ بادل پانچ بار پنجاب کے وزیر اعلی رہے۔ وج نے سوگوار خاندان کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے سکون کے لئے دعا کی۔
یو این آئی