ممبئی: گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے مابین وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں نوجوان تیز گیند باز عُمران ملک نے تیز ترین گیند پھینکنے کے معاملے میں بھارت کے ہی جسپریت بمراہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس میچ سے قبل بمراہ کی اب تک کی سب سے تیز گیند 153.36 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھی۔ اس کے بعد محمد شامی (153.3 کلومیٹر فی گھنٹہ)، نودیپ سینی (152.85 کلومیٹر فی گھنٹہ) کا نمبر آتا ہے۔ شائقین اور ماہرین نے بھی عُمران کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ عمران ملک نے شناکا کو ایک تیز گیند پر آؤٹ کیا۔ انہوں نے جس گیند پر شاناکا کو پویلین بھیجا اس کی رفتار 155 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور یہ میچ کی تیز ترین گیند بھی تھی۔ Umran Malik Becomes Fastest Indian Bowler
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے تیز گیند باز عُمران ملک نے ایک بار پھر اپنی تیز رفتاری سے مخالف بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل عمران نے کہا تھا کہ وہ پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کرکٹ کی دنیا میں تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ اب عمران نے اس تاریخی ریکارڈ کو توڑنے کی طرف ایک مضبوط قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 155 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بولنگ کی جس کا جواب سری لنکن کپتان داسن سناکا کے پاس نہیں تھا۔ داسن سناکا عُمران کی یہ آگ اگلنے والی گیند کھا کر حیران رہ گئے۔ سری لنکن کپتان نے اس گیند پر آف سائیڈ پر شاٹ کھیلا جسے فیلڈر یُزویندر چہل نے آسانی سے کیچ کر لیا۔ یہ گیند اس میچ کی تیز ترین گیند تھی۔ یہ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر پیش آیا۔ سناکا 27 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور یہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بھی تھا۔ یہاں سے بھارتی ٹیم نے فتح کی طرف مضبوط قدم بڑھائے۔ عُمران ملک کی اس تیز گیند کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔ اس میچ میں 4 اوورز کرتے ہوئے عُمران نے 27 رنز دیے اور 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ Imran Malik's Fastest Ball
عُمران ملک، شعیب اختر کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں: شائقین نے بھی عُمران ملک کی بھرپور تعریف کی۔ ان کارکردگی کو دیکھنے کے بعد لگتا ہے کہ عُمران جلد ہی شعیب اختر کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ بتا دیں کہ 2003 کے ورلڈ کپ کے دوران شعیب اختر نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں نک نائٹ کو 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی۔ یہ عالمی ریکارڈ ہے۔ عُمران ملک نے گزشتہ سال آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
دیپک ہڈا اور اکشر پٹیل نے میچ جتایا: سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔ دیپک ہڈا اور اکشر پٹیل کے درمیان 35 گیندوں پر 68 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی جس نے آخر میں بھارتی ٹیم کو بہتر اسکور تک پہنچا دیا۔ جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 160 رنز بنا سکی اور 2 رنز سے میچ ہار گئی۔ 41 رنز کی اننگز کھیلنے والے دیپک ہڈا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جیت کے ساتھ سال کا آغاز: بھارت نے سال کا آغاز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف پہلے T20 میں دو رن سے جیت درج کی تھی۔ اس میچ میں بھارتی گیند بازوں کی کارکردگی شاندار رہی۔ بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 162 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 162 رنز کا ہدف حاصل نہیں کر سکی اور ٹیم انڈیا نے یہ میچ دو رنز سے جیت لیا۔ اس میچ سے اپنا ٹی 20 کریئر شروع کرنے والے نوجوان تیز گیند باز شیوم ماوی بھارتی ٹیم کی جیت کے ہیرو رہے، انہوں نے اپنے انٹرنیشنل ڈیبیو میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ حالانکہ جموں ایکسپریس عُمران ملک نے بھی اپنی قہر برپا کرتے گیندوں سے تباہی مچائی اور دو وکٹیں حاصل کیں۔