وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی کو فون کر کے طوفان گلاب کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے آندھرا پردیش کے وزیراعلی سے بات کر کے مرکز سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نریندر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے دعا کرتا ہوں۔
دریں اثنا بھارتی بحریہ طوفان کے پیش نظر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ امکان ہے کہ 'گلاب' اگلے 12 گھنٹوں میں شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحل کے درمیان ٹکرائے گا۔
مشرقی بحری کمان کا ہیڈ کوارٹر اور بحریہ کے انچارج نے طوفان سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے اور ضرورت کے مطابق امداد فراہم کرنے کے لیے ریاستی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ آج آدھی رات کے قریب گوپال پور اور کلنگاپٹنم کے درمیان ہوا کی رفتار 75-85 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا بہت امکان ہے۔ ان علاقوں میں آج شام سے بارشیں شروع ہونے اور آدھی رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم مودی کے امریکہ سے واپسی پر شاندار استقبال
بارش کے بعد جنوبی اڈیشہ اور ملحقہ شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں اگلے چھ گھنٹوں کے دوران ہوا کی رفتار میں معمولی کمی کا امکان ہے۔ جنوبی اڈیشہ اور جنوبی چھتیس گڑھ کے اوپر مغرب سے شمال مغرب کی طرف بڑھنے کے بعد 12 گھنٹوں کے دوران آہستہ آہستہ کمزور ہونے کا امکان ہے۔