اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر مرکزی حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی ہے۔ نُپور شرما سے اگنی پتھ اسکیم تک جاری ہنگامے کا ذکر کرتے ہوئے اویسی نے حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نُپور شرما کو گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف بھارتی قانون کے دائرے میں رہ کر کارروائی کی جائے۔ مجھے یقین ہے کہ نُپور شرما چھ سات ماہ میں دوبارہ آئیں گی اور انہیں ایک بڑے رہنما کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ ہو سکتا ہے کہ وہ دہلی کی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دعویدار بن جائیں۔ Owaisi demanded arrest of Nupur Sharma
نُپور شرما کے بیان کے بارے میں اویسی نے مزید کہا کہ یہ ہمارے ملک کی حقیقت ہےکہ آپ مسلمانوں کو جتنا گالیاں دیں گے، جتنا بکواس کریں گے، آپ کو اتنے ہی اونچے عہدے پر فائز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بلڈوزر کی کارروائی کے بارے میں کہا کہ آفرین فاطمہ کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ آپ نے ان کے گھر کو کیوں توڑا کیونکہ ان کے والد نے احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا تھا، یہ کارروائی پرنسپل آف نیچرل جسٹس آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے۔ عدالت ان کے والد کو سزا دے گی، ان کی بیٹی یا بیوی کو نہیں۔
اویسی نے مزید کہا کہ عدالت ان کے گھر کو گرانے کے احکامات جاری نہیں کرے گی۔ وہ گھر آفرین فاطمہ کی والدہ کے نام پر تھا اور اسلام میں اگر گھر کسی بہن، بیٹی، بیوی کے نام پر ہے تو اس پر اس کا حق ہے نہ کہ اس کے شوہر کا۔ آپ نے ان کے والد کو نوٹس دے کر گھر توڑ دیا۔ کیا یہ آپ کا انصاف ہے؟
- مزید پڑھیں:۔ Owaisi On BJP And RSS: اسد الدین اویسی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر شدید نکتہ چینی کی
اگنی پتھ اسکیم کو لے کر جاری ہنگامہ پر اویسی نے کہا کہ مودی کے غلط فیصلے کی وجہ سے وہ (نوجوان) سڑک پر نکل آئے ہیں۔ مودی کے غلط فیصلے کی وجہ سے نوجوانوں کی جوانی کو برباد کرنے کا راستہ مل گیا۔ کتنے بلڈوزروں سے گھر تباہ کرو گے؟ ہم نہیں چاہتے کہ تم کسی کا گھر توڑو۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں وارانسی کے پولیس کمشنر سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب انہوں نے بچوں کو سمجھانے کی بات کی تو کیا مسلمانوں کے بچے آپ کے بچے نہیں ہیں، سی پی صاحب؟ کیا آپ انہیں اپنا بچہ سمجھتے؟ ہم بھی اس ملک کے بچے ہیں۔ آپ کو گزشتہ جمعہ کو ان بچوں سے بھی بات کرنی تھی۔