ریاست بہار کے ضلع گیا میں ہر روز کورونا Corona Cases In Gaya سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم انتظامیہ کا کورونا سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کے دائرے کو روکنے کے لیے مستعد ہونے کا دعویٰ ہے۔ اچانک مثبت کیسز میں اضافے کو روکنے کے لیے ڈی ایم نے ماسک چیکنگ مہم چلانے کی بھی ہدایات دی تھی، تاہم ڈی ایم اور انتظامیہ کے دعوں کی قلعی اس وقت کھلتی نظر آئی جب بازاروں میں عوام کا ہجوم نظر آیا جہاں لوگ کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے۔ وہیں آج کلکٹریٹ احاطے میں ہزاروں کا مجمع بھی بغیر ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کے نظر آیا۔
یہاں کلکٹریٹ میں آج ضلع پریشد کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہو رہا تھا جہاں کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی نہ صرف عام لوگ کر رہے تھے بلکہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوان بھی کرتے نظر آئے، اس ہجوم کو دیکھ کر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس طرح ضلع میں کورونا وبا کو روکا جاسکتا ہے اور اس طرح کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی سے ضلع میں تیسری لہر کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ COVID-19 Omicron Variant: 'کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے، احتیاط کو لازمی جانیں'
بہار میں قریب دو سو سے زیادہ مثبت کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں صرف ضلع گیا میں سو کیسز ہیں، بدھ کی شام کو آئی کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں پچاس افراد کی رپورٹ مثبت آئی تھی جبکہ دسمبر کے آخری ہفتے میں روزآنہ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آرہے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوفزدہ ہونے کے بجائے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ ماسک لگائیں اور بھیڑبھاڑ والے علاقوں سے دور رہیں، بلاوجہ بازاروں میں نا جائیں۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ یہ موسم سردی کھانسی کا بھی ہے تو اسلیے جانچ کے لیے لوگ زیادہ پہنچ رہے ہیں۔ ان علامات کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔ انتظامیہ نے کورونا سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ اب سختی کے ساتھ ماسک چیکنگ ہوگی۔ نئے سال کے موقع پر پارک وغیرہ بند رہیں گے۔