اسمبلی انتخابات والی 5 ریاستوں میں کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی کوئی تصویر نہیں ہوگی۔ ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت صحت کوون پلیٹ فارم پر ضروری فلٹر نصب کرے گی تاکہ ویکسین سرٹیفکیٹ سے مودی کی تصویر ہٹائی جا سکے۔
الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا میں اسمبلی انتخابات 10 فروری سے 7 مارچ تک سات مرحلوں میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی حکومتوں، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے لیے ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Rahul Gandhi Slams Govt on Vaccine: 'سب کو ویکسین کا وعدہ بھی جملہ ثابت'
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ماڈل ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی وجہ سے، وزارت صحت کوون پلیٹ فارم پر ضروری فلٹر نصب کرے گی تاکہ ان پانچ انتخابی ریاستوں میں لوگوں کو جاری کیے گئے کووِڈ-19 ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے وزیر اعظم کی تصویر ہٹائی جا سکے۔ مارچ 2021 میں وزارت صحت نے کچھ سیاسی جماعتوں کی شکایات کے بعد الیکشن کمیشن کی تجویز پر آسام، کیرالہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور پڈوچیری میں انتخابات کے دوران اسی طرح کے اقدامات کیے تھے۔