مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے ) نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے عسکریت پسندی کے معاملہ کے تحت مزید پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
این آئی اے نے سرینگر کے حنیف چرالو اور عارف فاروق بٹ، بڈگام کے حفیظ، پلوامہ کے اویس ڈار اور شوپیان کے متین بٹ کو RC-29/2021/NIA/DLI معاملے میں گرفتار کیا ہے۔
این آئی اے کی جانب سے درج شدہ کیس جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والے عسکری حملوں کے حوالے سے ہے۔
این آئی اے نے یہ معاملہ رواں ماہ دس اکتوبر کو درج کیا تھا اور کاروائی شروع کردی تھی.
اس دوران این آئی اے نے بارہ اکتوبر کو چار ملزمین کو گرفتار کیا تھا اور اب مزید پانچ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔
این آئی اے نےاس حوالے سے اپنا اسٹیٹمنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر میں مزید چھاپہ ماری کی گئی جس دوران کچھ الیکٹرانک آلات اور کچھ دستاویزات ضبط کئے گئے.
اپنے بیان میں این آئی اے نے عہدیدار سے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ افراد عسکریت پسندوں کے معاونین کے طور پر کام کررہے تھے اور ان کو لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ ساتھ مزید کئی طرح کی مدد بھی کررہے تھے. مذکورہ معاملے کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔