دہلی میں NEET-PG کونسلنگ میں تاخیر کے خلاف احتجاج کرنے والے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی پیر کو پولس کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ درحقیقت، دہلی کے سرکاری اسپتالوں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے پیر کو مولانا آزاد میڈیکل کالج سے سپریم کورٹ تک مارچ نکالا اور NEET-PG 2021 کے لیے کونسلنگ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو روک دیا اور دونوں فریقین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔
پولیس نے کم از کم 12 مظاہرین کو حراست میں لیا اور بعد میں انہیں چھوڑ دیا۔ ڈاکٹروں کے ساتھ پولیس کے گرما گرم تبادلے کے بعد موقع پر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو بھی بلایا گیا۔
ایمس کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (RDA) نے پولیس کے ذریعہ ڈاکٹروں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور حکومت اور پولیس سے معافی مانگنے کو کہا ہے۔ آر ڈی اے نے کہا کہ اگر 24 گھنٹے کے اندر حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آتا ہے تو ایمس آر ڈی اے 29 دسمبر کو ہڑتال کرے گا جس میں تمام غیر ہنگامی خدمات بند رہیں گی۔
وہیں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے خلاف پولیس کارروائی پر نریندر مودی حکومت کی سخت تنقید کی۔
راہل نے ٹویٹ کر کے کہا کہ پھول برسانا دکھاوے کا پی آر تھا، اصلیت میں وہ ناانصافی کی بارش کر رہے ہیں۔ میں مرکزی حکومت کے مظالم کے خلاف اور کورونا جنگجوؤں کے ساتھ ہوں۔'
وہیں فیڈریشن آف ریذیڈنٹ ڈاکٹرس کے صدر ڈاکٹر منیش کمار نے کہا کہ 'ہم صبح کے وقت پرامن طریقے سے احتجاج کر رہے تھے اور صبح پیدل مارچ نکال رہے تھے، لیکن ہمیں حراست میں لیا گیا اور ہمارے ساتھ بدسلوکی کی گئی،' جہاں ہمیں ایک طرف کورونا واریر کہا گیا۔ ہمارے اوپر پھول برسائے گئے، لیکن اب دوسری طرف دہلی پولیس کے ذریعے ہمیں مارا پیٹا جا رہا ہے۔ ہمارے ساتھ بدسلوکی کی جا رہی ہے۔ یہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔