پیر کو ایک خصوصی عدالت نے کہا کہ ممبئی کے ساحل سے ایک کروز جہاز سے ممنوعہ ادویات ضبط کرنے کے سلسلے میں گرفتار آرین خان کی ضمانتی عرضی کی سماعت 14 اکتوبر بروز بدھ کو ہوگی۔ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے متعلق اس کیس میں عدالت نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) سے اسی دن اپنا جواب داخل کرنے کو کہا تھا۔
خصوصی جج وی وی پاٹل نیشنل نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کررہے تھے۔ عدالت نے کہا کہ ضمانتی عرضی کی سماعت بدھ کو ہوگی۔
قبل ازیں این سی بی نے کہا تھا کہ درخواست پر فوری سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔ بیورو نے حلف نامہ داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا۔ ساتھ ہی دفاعی فریق نے کہا کہ آرین کو پھنسایا گیا ہے اور اسے ضمانت پر رہا کرنے سے متعلق تفتیش نہیں رکے گی۔
اس قبل ممبئی کی سیشن کورٹ میں کروز ڈرگس معاملے میں گرفتار آرین خان کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ اس دوران قلعہ عدالت نے آرین خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عدالت میں آرین نے کہا تھا کہ میں بھارت کا باشندہ ہوں۔ میرے والدین بھارتی ہیں اور بھارت میں رہ رہے ہیں۔ میرے پاس بھارت کا پاسپورٹ ہے۔ میں اس تحقیق میں اپنا پورا تعاون کروں گا اور اس کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں ملک چھوڑ دوں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قلعہ کورٹ نے آرین خان سمیت تمام 7 ملزمین کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ این سی بی نے گزشتہ 2 اکتوبر کی رات کو ممبئی سے گوا جارہے کروز شپ سے آرین خان سمیت سات ملزمین کو ڈرگس سے متعلق معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ این سی بی نے جائے وقوع سے منشیات بھی مبینہ برآمد کی تھی، لیکن آرین خان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں ملے تھے۔