ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں سماجی، تعلیمی، سیاسی، صحافتی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم متعدد شخصیات نے امسال عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر "محمدﷺ سب کے لئے" مہم منانے کا آغاذ کیا ہے۔ اس مہم کے ذریعہ محمدﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو برادران وطن کے سامنے متعارف کرانے کا عزم کیا گیا ہے۔ اس کا سلسلہ ماہ ربیع الاول کی پہلی تاریخ سے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر متعدد غیرمسلم صحافیوں کو اسلام جمخانہ میں مدعو کیا گیا۔Muhammad pbuh for All campaign launched in Mumbai
اس موقع پر اسلام جمخانہ کے صدر اور سابق رکن اسمبلی ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے کہاکہ گزشتہ کچھ دنوں سے ملک کی پُرامن فضا کو مسموم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مذہب اسلام و پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی جیسے ناقابل برداشت واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات کا پروپیگنڈہ زور وشور سے کیا جاتا ہے، جس سے دیگر مذاہب کے لوگ اس بات پر یقین کر نے پر مجبور ہو جاتے ہیں جو انہیں ٹی وی اور سوشل میڈیا میں دکھایا جاتا ہے لیکن جب حقیقت ان کے سامنے آتی ہے تو یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمدﷺ کی تعلیمات کو میڈیا میں غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے، جس کے سبب مسلمان بے چینی کا شکار ہیں۔ جب بھی میڈیا میں محمدﷺ کی تعلیمات کو غلط طریقے سے پیش کیا جاتا ہے تو مسلمان محمدﷺ اور اسلامی تعلیمات کا دفاع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ معاشرے میں بہت سے لوگ ہیں جو نبی کریم ﷺ کی شبیہ کو مجروح کرنے میں بڑا فخرمحسوس کرتے ہیں اور اسی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے Prophet For All (پیغمبر سب کے لیے) مہم کی شروعات کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نبی کریمﷺ کی تعلیمات میں سے بطور خاص سماجیات سے متعلق تعلیمات مثلا حقوق انسانی، ماحولیات، خاندانی نظام، عورتوں کے حقوق وغیرہ کو مسلمان اور برادران وطن کے سامنے لانا ہے تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ اس مہم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ملک میں بھائی چارگی کو فروغ دینا، امن کا ماحول قائم کرنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Prophet for All Humanity پیغمبر اسلام ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کیلئے پرافٹ فار آل مہم کا آغاز
مشہور ہندی صحافی جتیندر دکشت نے اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب ہمیشہ قائم و دائم رہے گی اور اسے کسی طرح نقصان نہیں پہنچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم محلے اور گلیوں میں ہم سب کا بچپن گزرا ہے اور تعلیم بھی جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے میں ہوئی ہے، اس لیے اگر غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں تو انہیں دور کرنا چاہئے اور یہ قابل ستائش پہل ہے۔ مذکورہ مہم کی شروعات ممبئی کے چند ذمہ داروں نے کی ہے۔ اس مہم کی شروعات کا خالص مقصد ناموس رسالتﷺ کو محفوظ کرنا اور رسول اللہﷺ کی تعلیمات کو برادران وطن کے سامنے پیش کرنا ہے، جن میں نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو لے کر بہت ساری غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں۔