مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 سے قبل سیاسی تنازعات کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ آج تک جاری ہے. اسمبلی انتخابات سے متنازع بیان بازی، تنازعات کو ہوا دینا اور دل بدل کھیل کا بنگال کی سرزمین پر آج تک زور شور سے جاری ہے.
اسی درمیان ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا مویترا اور گورنر جگدیپ دھنکر کے درمیان لفظی جنگ عروج پر پہنچ چکی ہے. گورنر جگدیپ دھنکر اور رکن پارلیمان مہوا مویترا کے درمیان بیان بازی، الزام تراشی اور تردید کا سلسلہ جاری ہے.
مہوا مویترا نے ایک بار پھر گورنر جگدیپ دھنکر سے شیکھاوت، دسکیت اور دھنکر کی راج بھون میں موجودگی کو لے کر سوال کیا. انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا راج بھون میں کیا کام ہے. یہ لوگ راج بھون میں ایسا کام کرتے ہیں جن کے آنے جانے پر کوئی سوال نہیں کرتا ہے.
مہوا مویترا نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ‘ان تمام لوگوں کے نام راج بھون ویب سائٹ پر ہیں۔ اسے جھٹلایا نہیں جا سکتا ہے’.
واضح رہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ‘شیکھاوت، دسکیت اور دھنکر سے ان کا تعلق نہیں ہے. وہ تمام سرکاری ملازمین ہیں’. اسی درمیان ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا مویترا کے گورنر جگدیپ دھنکر کو انکل کہہ کر پکارنے پر سیاسی حلقوں میں ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا.