کانپور میں اپنے یک روزہ قیام کے دوران وزیر اعظم مودی آئی آئی ٹی کانپور کے کانووکیشن کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کے عارضی شیڈول کے مطابق مودی دہلی سے صبح 10.30 بجے کانپور کے چکری ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔
اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد وہ دن میں گیارہ بجے ہیلی کاپٹر سے آئی آئی ٹی کانپور پہنچیں گے اور ادارے کے 54ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گے۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مودی بطور مہمان خصوصی طلباء کو مختلف کورسز کی ڈگریوں سے نوازیں گے۔ اس پروگرام میں گورنر آنندی بین اور وزیر اعلیٰ یوگی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
کانووکیشن کے بعد وزیر اعظم مودی 12:25 بجے نئے تعمیر شدہ آئی آئی ٹی میٹرو اسٹیشن پہنچیں گے۔ کانپور میں میٹرو ریل سروس کے باضابطہ افتتاح سے پہلے، مودی اگلے دس منٹ تک کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ کے کاموں سے متعلق ایک نمائش کا دورہ کریں گے۔ اتر پردیش میٹرو ریل کارپوریشن کا دعویٰ ہے کہ کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ ملک میں سب سے کم وقت میں مکمل ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Modi in Himachal Pradesh: وزیراعظم کے ہاتھوں 11 ہزار کروڑ کے پروجیکٹس کا افتتاح
اس کے بعد وزیر اعظم مودی 12:45 بجے گیتا نگر میٹرو اسٹیشن پہنچیں گے، 12:35 پر آئی آئی ٹی میٹرو اسٹیشن سے میٹرو میں سوار ہوکر میٹرو ریل کے کام کا معائنہ کریں گے۔ یہاں سے وہ 12:55 بجے سی ایس اے یونیورسٹی میں واقع ہیلی پیڈ پہنچیں گے اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے 1:20 بجے نرالا نگر کے ریلوے گراؤنڈ پہنچیں گے، جہاں وہ 1:30 بجے سے دوپہر 2:45 بجے تک کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ اس دوران وہ 'بینا پنکی پائپ لائن پروجیکٹ' بھی قوم کو وقف کریں گے۔
پروگرام کے اختتام کے بعد وزیراعظم سہ پہر تین بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے چکری ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔ جہاں وزیر اعلیٰ 3:30 بجے وزیر اعظم کو دہلی روانہ کریں گے۔
یو این آئی