وزیراعظم نریندر مودی 16ویں جی 20 چوٹی کانفرنس اور موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی - 26 میں شرکت کرنے کے بعد بدھ کی صبح وطن واپس لوٹ آئے۔
نریندر مودی اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی کی دعوت پر جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے 30-31 اکتوبر کو روم میں تھے۔ اس کے بعد وہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی دعوت پر سی اوپی 26 میں شرکت کے لیے 1-2 نومبر کو گلاسگو میں تھے۔
جی 20 میں وزیر اعظم نے ہندوستان کی جانب سے اپنائے گئے ’ایک پرتھوی ،ایک سوستھ‘ کے نکتہ نظر پر بات کی ۔ انہوں نے کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کا تذکرہ کیا اورجی 20 ممالک کو اقتصادی اصلاحت اور سپلائی چین کے تنوع میں ہندوستان کو اپنا شراکت دار بنانے کے لئے مدعو کیا ۔
گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی اوپی 26 کے اختتام کے بعد اپنے ملک کے لئے روانہ ہوئے مودی نے ٹویٹ کیا ’’ ہماری زمین کے مستقبل کے بارے میں دو دنوں کی اہم گفت وشنید کے بعدگلاسگو سے روانگی ۔ ہندوستان نے نہ صرف پیرس معاہدے کے وعدوں کو پورا کیا ہے بلکہ اب اگلے 50 برسوں کے لیے ایک اہم ایجنڈا بھی ترتیب دیا ۔
مسٹر مودی نے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کوموسمیاتی چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرنے کے لئے اور اسکاٹش عوام کا ان کی گرمجوشی سے مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھارت نے پیش کیا اپنا نظریہ
انہوں نے کہا ’’ کئی پرانے دوستوں کو طویل عرصے کے بعد ذاتی طور پر دیکھنا اور کچھ نئے لوگوں سے ملنا بہت اچھا تھا۔ میں اپنے میزبان وزیر اعظم بورس جانسن اوراسکاٹ لینڈ کے لوگوں کا شکر گزار ہوں ، جنہوں نے خوبصورت گلاسگو میں گرمجوشی سے مہمان نوازی کی‘‘۔
یواین آئی