نئی دہلی،وزیر اعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے ہندوستان-آسٹریلیا اقتصادی تعاون اور تجارت (انڈیا-آسٹریلیا ایکٹا) معاہدے کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اسے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے لیے ایک تاریخی لمحہ بتایا۔نریندر مودی اور البانیز نے ٹویٹ کرکے اعتماد ظاہر کیا کہ اس سے تجارت میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مضبوط ہوگا۔مسٹر البانی نریندر مودی کی دعوت پر مارچ میں ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ ان کے ساتھ ایک تجارتی وفد بھی جائے گا۔Leaders of both countries expressed their happiness
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر کہا ’’انڈیا-آسٹریلیا ایکٹا آج نافذ کیا جا رہا ہے۔ یہ ہماری جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس سے ہمارے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے لیے وسیع امکانات کھلیں گے اور دونوں اطراف کے کاروبار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے اس ٹویٹ میں کہا کہ وہ جلد ہی البانیز کے ہندوستان میں استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے اس ٹویٹ کو البانیز کو ٹیگ کیا ہے۔
البانی نے ٹویٹ کیا ’آج آسٹریلیا-ہندوستان تجارتی معاہدہ نافذ ہو گیا ہے۔ یہ آسٹریلیائی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ @narendramodi کی دعوت پر، میں مارچ میں ایک تجارتی وفد کے ساتھ ہندوستان کا دورہ کروں گا جو ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے‘‘۔
آسٹریلیا کے ساتھ معاہدہ رواں سال 2 اپریل کو ہوا تھا۔ 21 نومبر کو اس کی توثیق کے بعد، دونوں فریقوں نے 29 نومبر کو تحریری اطلاعات کا تبادلہ کیا تھا۔ اس کے ایک ماہ بعد آج سے اس کا اطلاق ہو گیا ہے۔
آج ممبئی میں صنعت کے نمائندوں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ معاہدے پر بات چیت بہت تیزی سے اور بہت اچھی طرح ہوئی۔ انہوں نے اس کا موازنہ آسٹریلیا فاسٹ بالر بریٹ لی اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر سے کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سمجھوتے کے لئے بریٹ لی کی رفتار اور سچن ٹنڈولکر کے کمال کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے‘۔
اس سال یکم مئی کو ہندوستان یو اے ای جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ کے نافذ ہونے کے بعد اس سال نافذ ہونے والا یہ دوسرا معاہدہ ہے۔
یو این آئی