اترپردیش کے نوئیڈا شہر میں بچوں کے اغوا اور قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نوئیڈا فیز 2 کے گیجھا گاؤں سے دو دن قبل لاپتہ ہونے والی 6 سالہ بچی کی لاش سیکٹر 108 کے ایک پارک میں مشتبہ حالات میں ملی جس کے بعد علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ لواحقین نے پہلے ہی اغوا کا امکان ظاہر کیا تھا اور پولیس کی متعدد ٹیمیں بچی کی تلاش میں مصروف تھیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور تفتیش شروع کر دی۔
لڑکی کے والد رام کمار نے بتایا کہ وہ خاندان کے ساتھ یہاں رہتے ہیں۔ ان کی بیٹی ہنی شرما جمعرات کو گھر کے قریب ایک پارک میں کھیل رہی تھی۔ اسی دوران بیٹی مشکوک حالات میں لاپتہ ہوگئی۔ کافی تلاش کے بعد بھی کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا جس کے بعد لاپتہ بیٹی کی اطلاع پر نامعلوم افراد کے خلاف کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا گیا۔
مزید پڑھیں:۔ سھارنپور: بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبر سے علاقے میں افراتفری
اس موقع پر ڈی سی پی سینٹرل نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح نہیں ہے کہ لڑکی کے ساتھ کیا ہوا تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ لڑکی کسی قریبی کے ساتھ یہاں آئی تھی۔ معاملے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واردات کا جلد پردہ فاش کیا جائے گا۔