متھرا: متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کیس کی آج (10 مئی) کو ہونے والی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ تعزیت کے باعث معاملہ کی سماعت نہ ہو سکی۔ اگلی سماعت یکم جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ پیر کو ایڈووکیٹ مہندر پرتاپ سنگھ نے شاہی عیدگاہ مسجد کمپلیکس کا سروے کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس کے بعد منگل کو اس معاملے کی سماعت ہونی تھی جو فی الحال ملتوی کردی گئی ہے۔
آپکو بتا دیں کہ بنارس میں گیان واپی کیمپس سروے کرانے کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ متھرا میں بھی شاہی عیدگاہ مسجد کا سروے کرانے کے لیے سول جج سینیئر ڈویژن کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ مہندر ناتھ پانڈے نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ مغل حکمران اورنگ زیب نے مندر توڑ کر مبینہ غیر قانونی مسجد بنائی ہے۔ کمشنر سروے کریں گے تو سچائی سب کے سامنے ہوگی۔ اب اس درخواست کی سماعت 10 مئی کو ہونی تھی۔ Mathura court On Survey Shahi Idgah Mosque
ایڈووکیٹ مہیندر ناتھ نے بتایا کہ جس طرح سے کاشی میں مسجد کے سروے کو لے کر کمشنر کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ اسی طرز پر متھرا شاہی عیدگاہ مسجد کا بھی سروے ہونا چاہیے۔ کیونکہ بھگوان کرشن کا مقام پیدائش مسجد کے نیچے بنا ہوا ہے۔ مسجد احاطے کے مینار پر شنکھ شیش ناگ اور کمل کے مجسمے بنائے گئے ہیں، جنہیں ہندو مذہب میں قابل احترام سمجھا جاتا ہے۔ وکیل نے کہا کہ اس لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس کی سماعت اب یکم جولائی کو ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ شری کرشنا جنم بھومی کی ملکیت کو لے کر گزشتہ کئی سالوں سے سول جج سینیئر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں سماعت جاری ہے۔ کرشن بھکت رنجنا اگنی ہوتری نے شری کرشن جنم بھومی کی ملکیت کو لے کر عدالت میں پہلی درخواست دائر کی تھی۔ شری کرشن جنم بھومی کی ملکیت سے متعلق دائر درخواست میں چار مدعی بنائے گئے ہیں، جس میں شری کرشنا جنم بھومی سیوا سنستھان، شری کرشنا جنم بھومی سیوا ٹرسٹ، شاہی عیدگاہ مسجد اور سنی بورڈ کے نام شامل ہیں۔ تمام مقدمات ابھی تک عدالت میں زیر سماعت ہیں۔