بریلی: ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی سے تعلق رکھنے والے سماجوادی پارٹی کے رہنما فہد احمد نے بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر سے شادی کرلی جس کے بعد اہلیان محلہ ان کے استقبال کے لئے پُرجوش ہے اور جوڑے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔ فہد احمد کی فیملی کے ساتھ ساتھ بریلی میں ان کے پڑوسی بھی دونوں کی شادی سے بہت خوش ہیں اور فلم اداکارہ کے بہو کے طور پر بریلی آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم فہد احمد کافی عرصے سے ممبئی میں مقیم ہیں۔ اسی دوران والدین کی موجودگی میں سوارا بھاسکر اور فہد احمد نے 17 فروری کو ممبئی میں کورٹ میرج کی۔ جب سے فہد احمد اور سوارا بھاسکر کی شادی کی خبر آئی ہے۔ بریلی کے بہیڈی علاقے میں ان کے مداحوں میں خوشی کا ماحول ہے۔
فہد احمد کی شادی کی خبروں کے حوالے سے ان کے پڑوسی ضمیر اختر نے اس شادی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھارتی تہذیب کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک گلدستہ کی طرح ہے جہاں مختلف قسم کے پھول ہیں اور یہی ہمارے ملک کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے سوارا بھاسکر اور ان کے پڑوسی فہد احمد کی شادی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شادی دو دلوں کا ملاپ ہے اور دونوں ایک اچھے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے پڑوس میں ایک اداکارہ بہو بن کر آرہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Swara Bhaskar Engagement: سوارا بھاسکر نے کورٹ میرج کے بعد سماج وادی کے رہنما فہد احمد سے منگنی کی
اسی دوران پڑوس میں رہنے والے نظام الدین نے کہا کہ سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی شادی کی اطلاع ملنے کے بعد وہ بہت خوش ہیں کیونکہ یہ دو مختلف برادریوں کے دلوں کا ملاپ ہے اور اس سے باہمی بھائی چارہ بڑھے گا۔ فہد پہلے ہی اپنا نام بنا چکے تھے اور اب انہوں نے سوارا بھاسکر سے شادی کرکے ایک اور اچھا کام کیا ہے۔ بتا دیں کہ سوارا بھاسکر بالی ووڈ کی ایک تجربہ کار اداکارہ ہیں، جنہوں نے تنو ویڈس منو، رانجھنا جیسی کئی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل جیتے۔