بھوپال: نغمہ نگار منوج منتشر ان دنوں مدھیہ پردیش کے دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے دارالحکومت بھوپال میں کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے متنازع بیان دیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی منوج منتشر کا یہ متنازع بیان کافی سرخیوں میں ہے۔ بھوپال کے رویندر بھون میں منعقد ایک پروگرام میں منوج منتشر نے راہل گاندھی کا نام لیے بغیر ان کی حب الوطنی پر سوال کھڑا کیا۔ Manoj Muntashir statement on rahul gandhi
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ماں کے رحم سے پیدا ہونے والا بچہ کبھی محب وطن نہیں ہو سکتا۔ یہ مسئلہ ڈی این اے کا ہے۔ واضح رہے کہ منوج منتشر نے یہ بیان بھارت-چین فوجیوں کی جھڑپ پر راہل گاندھی کے بیان پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہوتا ہے جب ایک انتہائی غیر ذمہ دار سیاستدان یہ کہتا ہے کہ ہمارے ملک کے فوجیوں کی چینی فوجیوں نے پٹائی کی۔ کوئی ایسی شرمناک زبان کیسے استعمال کر سکتا ہے۔ اس دوران منوج منتشر نے چانکیہ کے مبینہ الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بیان دیا۔ وہیں منوج کے اس بیان کے بعد سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ منوج منتشر کے اس متنازع بیان پر کانگریس نے سخت اعتراض کیا ہے۔ کانگریس رہنما آف اپوزیشن ڈاکٹر گووند سنگھ نے انہیں پست ذہنیت کا شکار قرار دیا ہے۔