منی پور میں ایک فوجی کیمپ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ اس حادثہ میں 14 لوگوں کے ہلاک جبکہ 60 سے زائد لوگوں کے لاپتا ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہ حادثہ منی پور کے نونی ضلع میں پیش آیا ہے۔ ٹوپل ریلوے اسٹیشن کے قریب بھارتی فوج کی 107 ٹیروٹیریئل آرمی کا کیمپ تھا۔ اس مقام کو بھی لینڈ سلائیڈ سے نقصان پہنچا ہے۔
نونی ضلع کے ڈی جی پی پی ڈونگل نے بتایا کہ ملبے سے 23 افراد کو نکال لیا گیا ہے جن میں سے 14 کی موت ہو گئی، تلاشی مہم جاری ہے، اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ ابھی ملبے میں کتنے افراد دبے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک ہمارے پاس 60 افراد کا تخمینہ ہے جو ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں جن میں گاؤں والے، فوجی اہلکار، ریلوے کے اہلکار اور مزدور بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل علاقائی فوج نے اپنے دو لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 60 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ گاؤں والوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک بچے سمیت پانچ افراد لاپتہ ہیں۔ اس کے ساتھ ریلوے عملہ کے 6-7 افراد بھی لاپتہ ہیں۔ مجموعی طور پر 60 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے اس واقعہ کے بارے میں منی پور کے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ وہیں وزیراعلی این بیرن سنگھ نے لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق جائزہ لینے کے لیے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔ فی الحال راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ وزیراعلی نے بتایا کہ علاقے کے لیے ایمبولینسز اور ڈاکٹر بھیج دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Flood, Landslide Wrecks Havoc in Assam: آسام میں سیلاب، آٹھ افراد ہلاک، چار لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر