نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منی پور میں جاری تشدد جو کہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے، اس پر یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں بحث ہوئی، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ کانگریس رہنما نے ٹویٹ کیا کہ 'منی پور جل رہا ہے۔ یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے بھارت کے اندرونی معاملے پر بحث کی، لیکن وزیراعظم نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ دریں اثنا، رافیل کے ذریعے بیسٹل ڈے پریڈ کا ٹکٹ مل گیا۔
وہیں کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بھی منی پور کی صورتحال پر حکومت کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے ترجمان نے جمعرات کو یوروپی یونین کی پارلیمنٹ میں منی پور میں جاری تشدد سے متعلق منظور کردہ قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے اسے 'نوآبادیاتی ذہنیت' سے متاثر قرار دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا تھا کہ بھارت کے داخلی معاملات میں اس قسم کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔
Rahul Gandhi Slam PM Modi راہل نے منی پور تشدد پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا
قابل ذکر ہے کہ اس قرارداد میں برسلز میں قائم یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ منی پور میں تشدد کو فوری طور پر روکیں اور تمام اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ اس پر وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا تھا کہ بھارت کے اندرونی معاملات میں اس قسم کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔ باغچی نے کہا تھا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ منی پور کی موجودہ صورتحال پر یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں بحث ہوئی اور ایک نام نہاد فوری قرارداد منظور کی گئی۔ بھارت کے داخلی معاملات میں اس قسم کی مداخلت ناقابل قبول ہے اور یہ نوآبادیاتی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ حالانکہ اس سنجیدہ معاملے پر اب تک وزیر اعظم مودی نے لب کشائی نہیں کی ہے۔