کولار: کرناٹک کے کولار ضلع میں ایک شخص نے اس وقت خودکشی کرلی جب اس کی بیوی نے چوتھی بار بچی کو جنم دیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کو کرناٹک کے کولار ضلع کے سری نواسپور تعلقہ کے شیٹی ہلی گاؤں میں پیش آیا۔ خودکشی کرنے والے کی شناخت لوکیش (38) کے طور پر کی گئی ہے۔Karnataka Shocker
پولس ذرائع کے مطابق لوکیش جو شیٹی ہلی گاؤں میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا اس کی شادی آٹھ سال قبل آندھرا پردیش کے پنگنور کی رہنے والی سریشا سے ہوئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ وہ اپنی تیسری بیٹی کی پیدائش کے بعد خوش نہیں تھا۔ وہ بیٹا نہ ہونے پر پریشان رہتا تھا۔ جب اس کی بیوی چوتھی بار حاملہ ہوئی تو لوکیش کو بیٹے کی پیدائش کی امید تھی۔ تاہم، وہ ایک بار پھر مایوس ہو گیا جب اس کی بیوی نے ایک بچی کو جنم دیا۔
4 نومبر کو لوکیش کی بیوی نے مولباگل کے ایک اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا۔اس سے اسے شدید دکھ ہوا اور اس نے اپنی ماں کو اپنے بھائی کے گھر بھیج دیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ جب اس نے یہ قدم اٹھایا تو وہ گھر میں اکیلا تھا۔ہفتہ کی صبح لوکیش کی ماں گھر آئی اور اسے پھندے سے لٹکا ہوا دیکھ کر پریشان ہو گئی۔ سرینواسپور پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تحقیقات شروع کردی، اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔