اس مدرسہ میں کورونا مریضوں کے لیے 30 بستر لگائے گئے ہیں اور کچھ دنوں بعد یہاں 100 بستر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جہاں کورونا کے عام علامات والے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آکسیجن کی بھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گجرات کے شہر بھروچ میں بھی کورونا کی دوسری لہر بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے لوگ ہلاک بھی ہو رہے ہیں۔ بھروچ شہر میں بڑی تعداد میں مسلمان آباد ہیں اور یہاں بڑے شاندار دارلعلوم، مدارس و مساجد بھی موجود ہیں۔
ایسے میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات کو دیکھتے ہوئے بھروچ کے ٹنکاریہ گاوں کے دارالعلوم نے ایک قابل ستائش پہل کی ہے جو اصل میں ایک بہت بڑا مدرسہ ہے۔ اس تعلق سے دارالعلوم بھروچ کے سربراہ صفوان بھوٹا نے کہا کہ ہم نے اپنے دارالعلوم مدرسہ کو کووڈ سینٹر میں تبدیل کر دیا ہے۔
اس دارالعلوم میں کورونا مریضوں کے لئے فی الحال 30 بستر لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس دارالعلوم میں کورونا مریضوں کا علاج کرنے کے لیے ماہر ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، مفت کھانا بھی مریضوں کو دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کووڈ سینٹر بھروچ کے اس گاوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا کیونکہ آنے والے دنوں میں اس دارالعلوم میں 100 بستروں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔