سری نگر: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے ہفتے کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی تعریف کی۔ اس موقع پر سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اوجلا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شمالی کمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’انہوں (لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی) نے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی‘۔ Army reviews security scenario in kashmir valley
سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔ فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل چنار کور کے کمانڈر نے انہیں سری نگر ہیڈ کوارٹر پر سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ’ فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے چنار کور کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور انہیں سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی‘۔ فوجی کمانڈر کو چنار کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا نے وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔
مزید پڑھیں:۔ Lt Gen Upendra Dwivedi Kashmir Visit: فوج کے شمالی کمان کے جی او سی کا تین روزہ دورہ کشمیر مکمل
ذرائع نے بتایا کہ فوجی کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران چنار کور کے سینئر افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم در اندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔ انہوں نے وادی میں چنار کور کی طرف سے چلائے جانے والے ملی ٹینسی مخالف آپریشنز کی بھی تعریفیں کیں۔ لیفٹیننٹ جنرل دیویدی نے مختلف ایجنسیوں کی طرف سے کشمیر میں قیام امن کی خاطر اٹھائے جا رہے اقدام کی بھی سراہنا کی۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی کمان کے کمانڈر نے سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے کامیاب آپریشنز پر فوج کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں قیام امن کی خاطر فوج کی جانب سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فوجی کمانڈر کو اس موقع پر وادی میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔