نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا، 'یوم جمہوریہ کے پرمسرت موقع پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات جمہوریہ ہمارے لیے صرف ایک لفظ نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری خودمختار قو م کی علامت اور ہماری قوم کی بنیاد ہے اس دن ہم ان عظیم رہنماوں کو یاد کریں جنہوں نے ملک کی آزادی میں اپنا اہم کردار ادا کیا اور آئین کی تشکیل میں انتھک خدمات انجام دیں ۔
آج بھارت کی جدید جمہور یت کو 7 دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے۔ ان دہائیوں کے دوران، ہمارے آئین نے ہماری جمہوریت کو مضبوط اور خوشحال بنایا ہے۔ آج ہم جس مقام پر ہیں اس میں ہمارے نوجوانوں اور ہماری خواتین کی نئی سوچ اور اختراع نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی توانائی، ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر، بھارت کو آج دنیا میں اسٹارٹ اپس اور ایک یونیکون کی راجدھانی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ تعلیم سے لے کر دفاع تک اور کھیلوں سے لے کر خلا تک، آج خواتین ہر میدان میں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔
ہمارے کسان، مزدور، ایم ایس ایم ای سیکٹر، چھوٹے بڑے تاجر اور ہر شخص ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے جذبے کے ساتھ ہم خود انحصاری اور ترقی کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج بھارت دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ آج دنیا بھر کے فورمز پر ہماری ایک مضبوط آواز ہے۔ واسودھیوا کٹمبکم کے نعرے کے ساتھ، ہم اس سال جی۔20 ممالک کی صدارت کر رہے ہیں۔ آج اس موقع پر ملک کے ہر شہری کو جمہوری عمل میں اپنی شرکت بڑھانے کا عزم کرنا چاہیے، ہماری جمہوریت میں موجود آزادی، مساوات، انصاف اور بھائی چارے کے نظریات کو مزید تقویت پہنچانا چاہیے۔ تاکہ ہماری جمہوریت مضبوط سے مضبوط تر ہو۔ اس پیغام کے ساتھ ایک بار پھر یوم جمہوریہ کی بہت سی نیک خواہشات، شکریہ۔'
یہ بھی پڑھیں: Republic Day یوم جمہوریہ پر 901 پولیس اہلکاروں کو پولیس میڈلز سے نوازا گیا
یو این آئی