کورونا وائرس عالمگیر وبا کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ گاندربل نے حکم جاری کیا ہے جس میں صحت افزا مقام سونہ مرگ اور مانسبل کی طرف جانے والے سیاحوں کی آمد ورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
صحت افزا مقام سونہ مرگ اور مانسبل جانے پر پابندی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں مقامات پر انہی سیاحوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ ہوگی۔ ضلع انتظامیہ گاندربل نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ بارسو اور گنڈ گگن گیر میں ناکہ لگاکر کسی سیاح کو ان مقامات کی طرف جانے کی اجازت نہ دے۔ ضلع انتظامیہ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ سونہ مرگ شاہراہ پر صرف لداخ کی طرف جانے والے گاڑیوں کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔ ضلع انتظامیہ نے سی ای او سونہ مرگ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ سونہ مرگ کے ہوٹل والوں کو ہدایت دے کہ وہ اپنی ہوٹلوں کو سینی ٹائز کریں اور ایس او پیز کا احترام کریں۔ وہیں دوسری طرف ضلع گاندربل کے سونہ مرگ اور مانسبل میں سیاحت سے جڑے لوگ اس فیصلے سے ناراض ہیں۔ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے لوگوں نے الزام لگایا کہ اگر ہر جگہ پر پارک کھول دیئے گئے ہیں تو مانسبل اور سونہ مرگ بند کیوں رکھے گئے ہیں؟
اس سلسلہ میں جب وہاں کے پنچ عبدالعزیز سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ضلع گاندربل کے سونہ مرگ اور مانسبل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر دو ڈیپارٹمنٹس کے ایک ہی سربراہ ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو نے کچھ دن پہلے آرڈر نکالا ہے کہ سونہ مرگ اور مانسبل پارک دونوں بند رہیں گے۔ جس کی وجہ سے شکارا والے اور جو بھی سیاحت سے جڑے ہوئے لوگ ہیں وہ بے روزگاری کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مانسبل اور سونہ مرگ ان دونوں پارکوں کو کھول دیا جائے۔