ڈاکٹر شفیق احمد انصاری عبدالغفور کی پیدائش 1966ء میں مالیگاؤں کے نیاپورہ علاقے میں ہوئی۔ موصوف نے اپنی ابتدائی تعلیم سے لے کر انڈرگریجویٹ تک کی تعلیم مالیگاؤں سے ہی حاصل کی۔ بعد میں وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پونے یونیورسٹی فزکس ڈپارٹمنٹ میں چلے گئے جہاں سے انہوں نے ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کیا۔ ڈاکٹر شفیق احمد سائنس شعبے میں اپنی نمایاں کامیابی کی وجہ سے مشہور تھے۔
انہوں نے جنوبی کوریا کی نیشنل یونیورسٹی جیونجو میں ڈاکٹریٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔ بعدازاں مالیگاؤں کی اولین مشہور سائنسداں ڈاکٹر زبیدہ انصاری کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کے ساتھ انہوں نے کوریا, جاپان اور سعودی عرب میں اپنی خدمات انجام دیں۔ 2007 میں ڈاکٹر شفیق احمد جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے وابستہ ہوچکے تھے۔ موصوف کے انتقال سے دہلی اور مالیگاؤں کے تعلیمی حلقوں میں غم واندوہ کا ماحول ہے۔
اس سلسلے میں کیمسٹری خلیفہ یونیورسٹی (ابوظبی) کے پروفیسر احسان الحق جو کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد انصاری کوریا کی یونیورسٹی میں ان کے استاذ رہ چکے تھے اور وہ کوریا اور جاپان کے نوجوان طالب علموں کے لئے ایک مثالی استاد تھے اور اپنے طالب علم کو بہترین تربیت دیتے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو محققین کی حیثیت سے تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پروفیسر احسان الحق نے تعزیتی پیغام میں پروفیسر شفیق احمد انصاری کی علمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو عظیم خسارے سے تعبیر کیا ہے۔