بیدر: کرناٹک اسٹیٹ آف وقف بورڈ کے سی ای او پرویز خان نے بیدر ضلع کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے وقف سے متعلق شکایات پر غور و خوض کیا اور وقف املاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں وقف اراضی کے تحفظ کے لیے ہم لوگ سنجیدہ ہیں۔ میرے دورے کا مقصد یہی ہے کہ وقف کی زمینوں اور اس کے تحفظ سے متعلق لوگوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رائچور میں موجود وقف اراضی پر تعمیر شدہ ہسپتال کی طرز پر ضلع بیدر میں بھی وقف اراضی پر ایک ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں میں نے ضلع کے مسلم ڈاکٹرز سے ملاقات کی ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد اس منصوبے پر عمل شروع ہوگا۔ Karnataka State of Waqf Board CEO Pervaiz Khan visited Bidar district
مزید پڑھیں:۔ Waqf Lands Aurangabad: وقف اراضی کو بچانے کے لیے اورنگ آباد میں احتجاجی دھرنا
انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال سے تمام مذہب کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ ضلع میں وقف کی زمینوں کے تحفظ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وقف کی زمینوں کی حصار بندی کرنے کی ضرورت ہے اور وقف کی تمام زمینوں کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا۔ درگاہ حضرت سید سعادات میں عرس کے موقع پر زائرین کو داخلہ نہ دیے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع وقف آفیسر سے جانکاری حاصل کرکے اور مشاورتی کمیٹی کے اعلی ذمہ داران سے بات کرکے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر سلیم منصور احمد قادری اور صدر خدمت فاؤنڈیشن بیدر بھی موجود تھے۔