وادیٔ کشمیر کو قدرت نے نہ صرف اپنی کاریگری سے سجایا ہے بلکہ نایاب اور بےشمار نعمتوں سے بھی مالامال کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ قدرت کی اس عطا کردہ سر زمین پر کچھ خاص نظرِ عنایت ہوئی ہے۔ حسن و جمال سے مالا مال کشمیر بے شمار نعمتوں کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک الگ اور منفرد پہچان رکھتا ہے، پھر چاہے بات کی جائے سر سبز و شاداب جنگلات کی، معتدل آب و ہوا کی، جھلملاتے آبشاروں اور جھرنوں کی، یا پھر بات کی جائے دریائے جہلم کی، وادیٔ کشمیر کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے میں دریائے جہلم اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے، دریائے جہلم ،جسے ویتھ، وتستا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، دریائے جہلم وادیٔ کشمیر میں مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ The Jhelum River's Importance In The Kashmir Valley
دریائے جہلم کا آغاز جنوبی ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ علاقے کے ایک چشمہ سے شروع ہوجاتا ہے اور بہت سے مراحل طے کر کے سنگم پہنچتا ہے، جہاں سنگم کے مقام پر وادیٔ کشمیر کے دو بڑے دریا جہلم اور ضلع کولگام کے اہربل علاقے سے آنے والا دریائے ویشو کا ملاپ ہوتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق حلقہ انتخاب بجبہاڑہ میں قائم سنگم علاقے کا نام اس لئے سنگم پڑا ہے، کیونکہ مذکورہ مقام پر وادی کے دو بڑے دریاوں کا ملاپ ہوتا ہے، ویری ناگ سے دریائے جہلم اپنا سفر شمال کی جانب شروع کرتا ہے۔ جگہ جگہ بل کھاتے جہلم میں اننت ناگ کے مختلف مقامات پر مختلف ندیاں شامل ہو جاتی ہیں۔
اننت ناگ سے آگے کھنہ بل کے مقام پر دریائے لدر جہلم میں شامل ہو جاتا ہے۔ یہاں سے شمال کی طرف بجبہاڑہ سے گزرتے ہوئے سنگم نامی علاقے میں پہنچ جاتا ہے جہاں اس میں بہت سی ندیوں اور چشموں کا پانی شامل ہوتا ہے۔ وہیں اسی مقام پر اہربل سے نکلنے والا دریائے ویشو اور جہلم کا سنگم ہوجاتا ہے۔ دراصل "سنگم" ایک سنسکرت الفاظ ہے، جس کا مطلب دو چیزوں کا ملنا ہے، چونکہ سنگم علاقے کو بھی انہیں دریاؤں کے ملاپ کی بدولت سنگم کا لقب حاصل ہوا ہے، سنگم ضلع اننت ناگ کا آخری علاقہ ہے، یہاں تواریخی ضلع اننت ناگ کی حد اختتام پذیر ہوجاتی ہے، جبکہ یہیں سے ضلع پلوامہ کی شروعات ہوجاتی ہے۔۔
مقامی لوگوں کے مطابق آفت سماوی کی وجہ سے جب وادی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، تو ایسے موقع پر محکمہ فیلڈ کنٹرول کے ملازمین سنگم کے مقام پر ہی پانی کی سطح کو ناپتے ہیں، جس سے محکمہ کو دریائے جہلم میں پانی کی سطح کی معلومات جاننے کا موقع مل جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق دریائے جہلم کے کنارے صدیوں سے آباد بستیاں ہر روز اس دریا کا مشاہدہ کسی نہ کسی صورت میں کرتے رہتے ہیں اور اس کی اہمیت و افادیت سے زیادہ تر یہی لوگ واقف ہیں۔ آج بھی ایک وسیع آبادی کا حصہ دریائے جہلم سے فیضیاب ہورہا ہے۔
- مزید پڑھیں: River Jhelum Pollution: 'دریائے جہلم صاف پانی کی پناہ گاہ کے بجائے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل'
تقریباً دو دہائی قبل وادیٔ گل پوش کے اکثر لوگ اسی پانی کو اپنی روز مرہ کی زندگی میں استعمال میں لایا کرتے تھے، تاہم دور جدید میں حالات اس کے برعکس ہوگئے ہیں، اگرچہ ایک جانب ضلع اننت ناگ میں ہزاروں کنال اراضی کو اسی جہلم کی بدولت سیراب کیا جاتا ہے، تو وہیں دوسری جانب دریائے جہلم کو آلودہ کرنے میں وادی کے لوگوں نے کوئی بھی کثر باقی نہیں رکھی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دریا جہلم کی شان اور افادیت کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے، تاکہ جہلم کو مزید آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔